ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں اتوار کو چاند دیکھے جانے کی صورت میں پیر کو ہوسکتی ہے عید ؛ نماز کے بعد عیدگاہ سے جامع مسجد تک جائے گا جلوس

بھٹکل میں اتوار کو چاند دیکھے جانے کی صورت میں پیر کو ہوسکتی ہے عید ؛ نماز کے بعد عیدگاہ سے جامع مسجد تک جائے گا جلوس

Sat, 30 Apr 2022 12:44:37    S.O. News Service

بھٹکل 30 /اپریل (ایس او نیوز)   اتوار کو بھٹکل سمیت پورے کرناٹک  اور ملک کے اکثر شہروں میں 29 روزے مکمل ہوں گے، اس مناسبت سے اگراتوار کو چاند نظرآگیا تو پھر اگلے روز پیر کو  عید الفطر منائی جائے گی، ورنہ  مسلمان تیس روزے مکمل کرکے منگل کو عید منائیں گے۔ 

کورونا کی وجہ سے  گذشتہ  دو  سالوں سے   عید گاہ میں  عیدکی نماز  نہیں ہوسکی تھی، اس بناء پر اس بار بھٹکل  عیدگاہ میں نماز کی دوگانہ  ادا کرنے کے لئے  تیاریاں زور و شور سے جاری ہے، عیدگاہ پہلے سے ہی کافی چھوٹا ہے اور  25/30 ہزار لوگوں کے لئے عید گاہ اور اطراف کا علاقہ بے حد  کم پڑجاتا ہے۔ ایسے میں  افسوس کی بات یہ ہے کہ دو  سالوں تک عیدگاہ میں نماز  کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے عیدگاہ کے اطراف غیر قانونی باکڑوں کی لائن لگ گئی ہے جس کے چلتے اس بار عیدگاہ کے  باہر  نماز  پڑھنے والوں کو کافی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

باکڑوں کی وجہ سے عیدگاہ کے اطراف گندگی کے  بھی ڈھیڑ جمع ہیں اور کافی  جگہو ں  پر استنجا بھی کیا گیا ہے، جس کو دیکھتے ہوئے میونسپالٹی حکام  کی مدد سے  عیدگاہ کے اطراف صفائی کی جارہی ہے، اسی طرح  عیدگاہ کے اندر بھی صفائی ستھرائی کا کام جاری ہے، البتہ ان غیر قانونی باکڑوں کو کب  ہٹایا جائے گا اور کیا میونسپالٹی حکام ان باکڑوں کوہٹانے کو لے کر سنجیدہ ہے یا نہیں  ، یہ ایک  الگ موموضوع   ہے، جس پر بھٹکل کے  عوام سخت تشویش میں مبتلا ہیں ۔

بھٹکل بندرروڈ پر واقع عیدگاہ چونکہ نمازیوں کے لئے کافی چھوٹی پڑرہی ہے، اس مناسبت سے  عیدگاہ سے متصل واقع  اسکول میدان میں بھی    نماز ادا کرنے کے لئے اسکول انتظامیہ سے بات چیت  کی گئی ہے اورنماز پڑھنے کی اجازت لی گئی ہے۔اس بناء پر اسکول کے میدان میں بھی لوگ نماز پڑھ سکیں گے۔ اس تعلق سے  صفوں کی درستگی اور قبلہ کی طرف صحیح رُخ کرکے نماز کی ادائیگی کو   یقینی بنانے کے لئے  عید گاہ کے باہر اور اسکول میدان وغیرہ میں  مارکنگ کرنے کا کام   اتوار تک مکمل  ہونے کی توقع ہے۔ بھٹکل عیدگاہ میں  مرکزی خلیفہ  جماعت المسلمین    کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی عید کی دوگانہ پڑھائیں گے۔

پارکنگ کے لئے بس اسٹائنڈ اور بندر روڈ پر ہوگا انتظام:  عیدگاہ  میں نمازیوں کےلئے پارکنگ کا مناسب انتظام کیا گیا ہے، یہاں پرانے محلوں اور نوائط کالونی اور مدینہ کالونی کی  طرف سے آنے والوں کے لئے   نیشنل ہائی وے پر واقع (نور مسجد سے متصل) پرانے   بس اسٹائنڈ  والی خالی جگہ پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، تو مخدوم کالونی، بندرروڈ اور ڈونگر پلی، بیلنی وغیرہ سے  آنے والوں کے لئے  بندر روڈ سکینڈ کراس  کے قریب ایک طرف جانے والی سڑک کو ہی  پارکنگ کے لئے مختص کی جائے گی، ان دونوں جگہوں پر پولس کی نگرانی میں پارکنگ کا انتظام ہوگا۔

پیس  میٹنگ:   عیدالفطر کو دیکھتے ہوئے اور بھٹکل میں ا من و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے آج سنیچر کو  بھٹکل تحصیلدار دفتر میں پیس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں   مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر جناب ایس ایم پرویز، جنرل سکریٹری  عبدالرقیب ایم جے ندوی، عنایت اللہ شاہ بندری، بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل عتیق الرحمن منیری، عبدالسمیع کولا، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی ، نامدھاری سماج کے لیڈران  ایم آر نائک، وینکٹیش نائک، شری دھر نائک، شانتارام  ، اسی طرح دیگر اداروں کے ذمہ داران  وغیرہ موجود تھے۔ تحصیلدار ڈاکٹر سومنتھ کی صدارت میں  ہوئی میٹنگ میں ڈی وائی ایس پی بیلی اپّا، سرکل پولس انسپکٹر دیواکر ،ہیسکا م کی طرف سے شیوانندنائک،  میونسپالٹی کی طرف سے میونسپل صدر پرویز قاسمجی، نائب صدر  قیصر محتشم، اسٹینڈنگ کمیٹی چیرمین اِمشاد مختصر،  ہیلتھ آفسرسوجیا سومن  سمیت کافی دیگر  آفسران  موجود تھے۔ پیس میٹنگ میں نماز  اور جلوس کے تعلق سے سرکاری حکام کو معلومات فراہم کی گئی، اسی طرح گذشتہ سالوں میں  عید کے موقع پر الیکٹری سٹی نکالے جانے پر سخت ناراضگی کا بھی اظہار کیا گیا اور اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا کہ عید الفطر کے دن الیکٹری سٹی مکمل طور پر بحال رہے۔

عیدکا جلوس:    عیدگاہ میں نماز صبح ٹھیک 7:45 بجے شروع ہوگی، مگر اس سے قبل  7:15 بجے بھٹکل جامع مسجد سے جلوس نکلے گا جو چوک بازار سے محمد علی روڈ  ، مین روڈ اور اولڈ بس اسٹیند سے  نیشنل ہائی وے ہوتا ہوا، عیدگاہ روڈ کی طرف مُڑ کر عیدگاہ میں داخل ہوگا۔

عید الفطر کی نماز   ، خطبہ  دعا وغیرہ کے بعد   نمازیوں  سے کہا گیا  ہے کہ وہ  واپس جانے والے جلوس میں بھی کثیر تعداد میں شریک ہوں۔ اس بار واپس جانے والا جلوس بند ر روڈ  سے شمس الدین سرکل ہوتا ہوا،  اولڈ بس اسٹائینڈ سے سلطانی محلہ ہوکر چوکبازار سے جامع مسجد پہنچ کر  تحلیل ہوگا۔ توقع کی جارہی ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں مسلمان اس جلوس میں شریک ہوں گے۔ جلوس کو منظم انداز میں ترتیب دینے  کےلئے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن   تیاریوں میں لگا ہوا ہے۔ 

جامعہ آباد عید گاہ میں صبح آٹھ بجے  نماز:  بھٹکل بندر روڈ پر واقع مین عیدگاہ میں ایک طرف 7:45 بجے نماز رکھی گئی ہے  تو  وہیں جامعہ آباد میں  واقع عیدگاہ میدان میں صبح آٹھ بجے نماز کا وقت متعین کیا گیا ہے۔ جماعت المسلمین تینگن گنڈی کے جنرل سکریٹری مولانا  محمد اقبال بنگالی  نے بتایا کہ  عید کی نماز سے قبل  صبح 7:30 بجے تینگن  گنڈی اور فردوس نگر سے الگ الگ جلوس نکلے گا۔ یہاں  عید کی نماز دوگانہ  جامع مسجد تینگن گنڈی  کے خطیب  و امام   مولانا اسحاق ڈانگی ندوی پڑھائیں گے۔


Share: